تازہ ترین

ٹرمپ نے ٹی پی پی معاہدے سے امریکا کی علیحدگی کا حکم جاری کردیا

واشنگٹن : امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی بحرالکاہل کے تجارتی معاہدے کی رکنیت چھوڑنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔ ٹرمپ نے ملک میں ملازمتوں کے مواقع برقرار رکھنے والی کمپنیوں کو ٹیکس اور قوانین میں دیگر رعایتیں دینے کا وعدہ بھی کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی بڑا قدم اٹھا لیا، آسٹریلیا، ملائیشیا، جاپان، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور میکسیکو سمیت 12ممالک کے ٹی پی پی معاہدے کی رکنیت چھوڑنے کے صدارتی حکم نامے پر دستخط کر دیئے۔ یہ ممالک دنیا کی 40 فیصد تجارت کو کنٹرول کرتے ہیں۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امریکی ورکروں کے لیے یہ بہت بڑی چیز ہے۔ یاد رہے کہ اوباما انتظامیہ نے فروری 2016 میں 12 ملکی ٹرانس پیسیفک پارٹنر شپ معاہدہ طے کیا تھا۔

علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے ملک میں ملازمتوں کے مواقع برقرار رکھنے والی کمپنیوں کو ٹیکس اور قوانین میں بڑی رعایات دینے کا وعدہ کیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق کاروباری شخصیات سے ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے متنبہ بھی کیا کہ وہ ایسی کمپنیوں پر ‘بہت زیادہ سرحدی ٹیکس’ بھی عائد کر دیں گے جو اپنا پیداواری عمل امریکہ سے باہر منتقل کریں گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ قوانین میں بڑی تبدیلی آنے والی ہے لیکن یہ قوانین بدستور عوام کے محافظ رہیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کارپوریٹ ٹیکس کی موجودہ 35 فیصد شرح کو کم کر کے 15 سے 20 فیصد تک لائیں گے۔

Comments

- Advertisement -