لاہور : آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہو، لاہورخوبصورت شہر ہے آکر بہت خوشی ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے ہمراہ نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جائلز کلارک نے بتایا کہ میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعلیٰ سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت ہوئی، انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرکٹ کی بحالی کیلئے کھلاڑیوں کو ہرطرح سیکیورٹی دیں گے۔
لاہور کو سیف سٹی بنانے کے منصوبے سے بہت متاثر ہوا ہوں،جائلز کلارک کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں۔
پاکستان آئی سی سی کا اہم رکن ملک ہے، پاکستان میں کرکٹ نہ ہونے سے شائقین کی مایوسی سے آگاہ ہیں، پاکستان میں عالمی کرکٹ نہ ہوناباعث تشویش ہے۔
ہماری کوشش ہےعالمی کرکٹ کو پاکستان میں جلد واپس لایا جائے، پاکستان میں سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے آیا ہوں، جلد ہی پاکستانی شائقین اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔