اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ منی لانڈر وزیرخزانہ اور جس کیلئے منی لانڈرنگ کی وہ وزیراعظم بنا ہوا ہے وزیراعظم کے پاس اب کوئی ثبوت نہیں، اسحاق ڈاروزیراعظم کیلئے منی لانڈرنگ کرتے تھے۔
سپریم کورٹ کے باہر عمران خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں تقریر میں کہا تھا کہ سارے ثبوت موجود ہیں اور اب کوئی ثبوت نہیں، اسحاق ڈار نوازشریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ شریف خاندان کا وکیل کہتا ہے پرانی بات ہے،کاغذات نہیں ہیں، نوازشریف کو نہیں پتہ تھا ان کی سپریم کورٹ میں تلاشی ہوجائے گی، ان کے پاس نہ تو کوئی ثبوت ہے، بیانات بھی تبدیل ہورہے ہیں، پیسے سے متعلق پہلے کے بیانات اور آج کے بیانات میں فرق ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج پتہ چلا ہے گلف اسٹیل ڈیڑھ کروڑ درہم کا نقصان کرچکی تھی، گلف اسٹیل نقصان کررہی تھی تو آگے پیسہ کیسے چلا گیا؟ان کا کوئی جواب نہیں آیا ، یہ سب کچھ میاں شریف پر ڈال رہے ہیں، پیسہ کہاں سے آیا، ان کے پاس کوئی منی ٹریل نہیں ہے، ہم شروع سے کہہ رہے ہیں گلف اسٹیل کے پاس تو پیسہ ہی نہیں تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سارا پیسہ نقد گیا، بینکوں کے ذریعے نہیں گیا، بینکوں کے ذریعے بتاتے تو منی ٹریل آجاتی، ان کے پاس قطریوں کوپیسے دینے کے لئے اتنا پیسہ کہاں سے آگیا۔
اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کا اعترافی بیان ہی منی ٹریل ہے، اسحاق ڈار اعتراف کرچکے وہ نوازشریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتے تھے، منی لانڈرنگ کااعتراف کرنے والا آپ کا وزیرخزانہ ہے، ملک کا کیا مستقبل ہوگا،؟
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی کی ایسے تلاشی نہیں لی گئی، دنیا کی کوئی بھی جمہوریت ہوتی تو وزیراعظم کو استعفیٰ دینا پڑنا تھا۔
پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ شریف خاندان پاناما کیس میں پکڑا گیا ہے، مریم صفدر اور سلمان شہباز دونوں کہتے ہیں ہماری باہر کوئی جائیداد نہیں۔
کیس شروع ہونے سے پہلے کہہ چکے ہیں جو بھی فیصلہ ہوگا قبول کریں گے۔
انھون نے کہا کہ نیب اور ایف آئی اے ان کے ماتحت ہیں وہ کیسے ان کے خلاف تحقیقات کریں گے، شکرکریں کہ پاناما میں یہ انکشافات ہوئے ہیں، ہم 200سال تک لگے رہتے تو ان کا یہ سب کچھ سامنے نہیں آنا تھا، جب کوئی وزیراعظم اپنی کرپشن بچاتا ہے تو بڑے بڑے لوگوں کی کرپشن بھی بچاتا ہے۔