لاہور : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ساری منی ٹریل اسحاق ڈار کے حلفیہ بیان میں موجود ہے اس لیے وزیراعظم کو پانامہ کیس سے الگ کرنا درست نہیں ہے۔
لاہور میں پارٹی کارکن شاہد امتیاز کی برسی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نواز شریف تین بار وزیر اعظم اور دو مرتبہ وزیراعلٰی بنے، شریف خاندان نے سارا پیسہ سیاست کے ذریعے ہی کمایا ہے اس لیے نواز شریف کو پانامہ سے الگ کرنا درست ہے نہ ہی سپریم کورٹ ایسا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ لندن کی جائیداد کو شریف خاندان نے تسلیم کر لیا ہے تو اس کے جائز ہونے کے ثبوت بھی انہی کے ذمے ہیں، 28 سال قطری اور شریف خاندان نقد پر کاروبار کرتے رہے، اس بات کو عدالت کیسے درست مان سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی اتفاق برادرز میں سات خاندان تھے تو باقی 6 کہاں گئے اور نواز شریف بتائیں کہ وہ برج خلیفہ کیسے بن گئے اور ساری جائیداد ان کے نام ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے اگر مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا ہے تو وہ رہا نہیں ہو سکتے، سلطانی گواہ اس وقت تک رہا نہیں ہو سکتے جب تک مقدمے کا فیصلہ نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ ساری منی ٹریل اسحاق ڈار کے بیان میں موجود ہے، اگر وہ منحرف ہوتے ہیں تو عدالت کو انہیں گرفتار کر کے جیل بھیجنا چاہیئے۔