کراچی: نامزد گورنر محمد زبیر عمر نے عہدے کا حلف لینے سے پہلے ملازمین کیلئے ایک نئے تحفے کا فیصلہ کرلیا ، سندھ حکومت نے گورنر سیکریٹریٹ کے 553ملازمین کا ہاؤس رینٹ الاؤنس بڑھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد زبیرعمر آج گورنرسندھ کےعہدے کا حلف اٹھائیں گے، عہدے کا حلف لینے سے پہلے نامزد گورنر محمد زبیر عمر نے گورنر سیکریٹریٹ کے ملازمین کا ہاؤس رینٹ الاؤنس بڑھا دیا اور اب ہر ملازم کا الاؤنس 3ہزار سے بڑھا کر ہزاروں اور لاکھوں میں کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، نوٹیفکیشن کے مطابق ایک سے3 گریڈ کے ملازم کو 4ہزار روپے ہاؤس رینٹ کی مد میں ملیں گے ، 4 سے7 گریڈ کے ملازم کو 6ہزار ہاؤس رینٹ ملے گا۔
گورنرہاؤس سیکریٹریٹ کے 8 سے 10گریڈ کے ملازمین کو 10ہزار ، 11 سے 15 گریڈ کے ملازم کو 15ہزار، 16 سے17گریڈ کے افسر کو 20ہزار ہاؤس رینٹ الاؤنس ملے گا۔
جبکہ 18گریڈ کے افسرکو ایک لاکھ، 19گریڈ کے افسر کو 2لاکھ ، 20گریڈ کے افسر کو ڈھائی لاکھ جبکہ 21 گریڈ کے پرنسپل سیکریٹری کو 3لاکھ ہاؤس رینٹ الاؤنس ملے گا۔
خیال رہے کہ سندھ کےنامزد گورنرمحمود زبیر عمر آج صوبے کے 32ویں گورنرکی حیثیت سےعہدے کا حلف اٹھائیں گے۔