اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل حل ہونے تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، کشمیر کی آزادی کو جو توجہ درکار تھی اُس کا حق کسی نے ادا نہیں کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جمعیت علماء اسلام نےکہ کہ نائن الیون کی پالیسی دباؤ میں بنانے کے باعث ہماری ترجیحات بدل گئی ہیں، جس کے باعث ہم امریکا کے اشارے پر چلنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو جو توجہ درکار تھی ہم نے اُس کا حق ادا نہیں کیا، اس کی ذمہ دار حکومت یا کوئی جماعت نہیں بلکہ ہماری اپنی پالیسی ہے کیونکہ اب ہم دباؤ کے تحت چلتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل حل ہونے تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، عالمی دنیا نے آزادی کی جنگ کو بھی دہشت گردی کے حصے میں ڈال دیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی نے پوری قوم کو لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔