جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

قومی اسمبلی میں قراردادِ حق خودارادیت برائے کشمیر منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : قومی اسمبلی میں کشمیریوں کی حق خودارادیت سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے جس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادں کے تحت حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں امور کشمیر کے وزیر برجیس طاہر نے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے اور حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی مکمل حمایت سے متعلق قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم اور قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے اور کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت و مدد جاری رکھے گا۔

- Advertisement -

قومی اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں بھارت کا یہ مضحکہ خیز دعویٰ بھی مسترد کیاگیا ہے کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے کیوں کہ بھارت نے دوخودمختار ریاستوں کے درمیان اس تنازعے کو خود اقوام متحدہ میں اٹھایا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین اور مسلسل کرفیوں نے کشمیریوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں جب کہ ہزاروں کشمیری عقوبت خانوں میں جان کی بازی ہار گئے اس کے باوجود عالمی برادری کی خاموشی افسوس ناک ہے۔

قرارداد میں پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے اور اقوام متحدہ قومی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیر کو حقوق خودارادیت دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

دریں اثناء وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے ایوان کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم پاکستان سمیت مشیر خارجہ اور اعلیٰ سرکاری افسران وقتآ فوقتآ مسئلہ کشمیر کی جانب عالمی توجہ دلاتے رہتے ہیں۔

بعد ازاں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی ظلم و بربریت کی مذمت اور نہتے کشمیریوں کے حوصلوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور ایک ایک پاکستانی اپنے کیشمیریوں بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں