لاہور : قلعہ ڈیرہ سنگھ میں رکشہ ٹرین کی زد میں آگیا، جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق حویلی لکھا میں رکشہ لاہورسےکراچی آنےوالی فریدایکسپریس کی زدمیں آگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔ فرید ایکسپریس لاہور سے کراچی جارہی تھی۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کو تحصیل ضلع ہیڈ کواٹرز اسپتال حویلی لکھاں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز زخمیوں کی جان بچانے کی کوشش کرتے رہے۔
رکشےمیں سوار مزدور آلو کے کھیت میں مشقت کیلئے جارہے تھے کہ قلعہ ڈیرہ سنگھ کے قریب بصیر پوراسٹیشن کے کچے پھاٹک پر فرید ایکسپریس نے رکشہ کو کچل ڈالا،جاں بحق چار افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رکشہ ڈرائیور نے اپنی جانب آتی ٹرین کو دیکھے بغیر پھاٹک کراس کرنے کی کوشش کی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
وزیرریلوے نے حویلی لکھا میں ٹرین حادثے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔
واضح رہے کہ رواں سال انتالیس روز میں کھلے پھاٹک نو بچوں سمیت اکیس افراد کی جان لے چکے ہیں۔