کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید مضبوطی آتی جارہی ہے ۔
وہ کراچی میں ایرانی قونصلیٹ میں ایران کے 83 ویں سالانہ تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان مسلم برادر ملک ہیں اور دونوں کے درمیان خوشگوار بردرانہ تعلقات ہیں جس میں گذرتے وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوطی آتی جا رہی ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کاکہنا تھا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن ایک وسیع المفاد منصوبہ ہے جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا اس کے علاوہ ایران کے تعاون سے سندھ میں چار اسکول اور اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان یہ تعاون جاری رہے گا اور انشاء اللہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کی معاونت کرتے رہیں گے اور دہشت گردی کو شکستِ فاش دیں گے۔
تقریب میں وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیر اعلٰی قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ سمیت ایرانی قونصل جنرل محمود احمد اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔