لاہور: اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ شوگر ملوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد شہباز شریف مستعفی ہو جائیں، وزیراعلیٰ پہلی بار قانونی پھندے میں آئے ہیں، اگر وہ مستعفی نہ ہوئے تو اپوزیشن ان کا پیچھا کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد شہباز شریف مستعفی ہو جائیں اور سپیکر پنجاب اسمبلی وزیر اعلٰی کیخلاف دائر ریفرنس فوری طور پر الیکشن کمیشن کو بھجوا دیں، اب ان کے پاس اس کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا انجام نواز شریف اور ان کے اہلِ خانہ سے زیادہ بدتر ہو گا، خود کو مسٹر کلین کہنے والے صادق اور امین نہیں رہے، اگر وزیر اعلیٰ مستعفی نہ ہوئے تو اپوزیشن ان کا پیچھا کرے گی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے کاروبار میں ہونے والی بے ضابطگیاں پکڑنا حکومت کا کام ہے، شہباز شریف پہلی مرتبہ قانونی پھندے میں آئے ہیں، ان کیلئے یہاں سے نکلنا ناممکن ہے، سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی ملوں کے بارے میں ہائیکورٹ کا فیصلہ بحال رکھا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی شاہی خاندان کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوا کر تاریخ میں اپنا نام ہمیشہ کیلئے زندہ کر لیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس شریف خاندان کے خلاف آنے والے فیصلے کے باعث ملتوی کیا گیا تھا۔