کولمبو : پاکستان ویمنز ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اوراسکاٹ لینڈ کی ویمن ٹیموں کے درمیان کولمبو میں کھیلے جانیوالے ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا کر مسلسل تیسری بار کامیابی حاصل کرلی۔
اس فتح کے بعد پاک ویمن ٹیم نے سپر سکس مرحلے میں جگہ بنالی، میچ کا ٹاس اسکاٹ لینڈ ویمنز ٹیم نے جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔
اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم چالیسویں اوور میں اکیانوے رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ثنا میر نے صرف چودہ رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے مطلوبہ ہدف اٹھائیسویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جویریہ خان نے ناقابل شکست پنتیس رنز اسکور کیے جبکہ ربیعہ شاہ 16رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، یہ ایونٹ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی تیسری کامیابی ہے۔