لاہور : پیپلز پارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مختصر مجمعے میں خودکش حملہ آور کا گھسنا حکومت کی نااہلی ہے، شریف برادران اپنی تشہیر کی بجائے عوام کی سیکیورٹی پر توجہ دیں۔
لاہور ہائی کورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ لاہور خودکش حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، لاہور میں دہشت گردی کا پہلے سے خدشہ تھا تو فول پروف سکیورٹی کیوں نہیں فراہم کی گئی۔ حکومت لوگوں کی جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت مسائل سے زیادہ وسائل پر توجہ دے رہی ہے، لوگوں کے تحفظ کے بارے میں نہیں سوچ رہی، خود کش حملے سے فائدہ حکومت کو ہوگا، لوگ اب احتجاج کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی وزراء خود کام کرتے نہیں اور ساری ذمہ داری اپوزیشن پر ڈال دیتے ہیں۔ وہ اس وقت گالم گلوچ بریگیڈ بن گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ وارننگ کے باوجود مجمعے کو تحفظ کیوں نہیں فراہم کیا گیا، مختصر سے مجمعے میں خود کش حملہ آور کا داخل ہو جانا انتظامیہ کی نااہلی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت سارے وسائل خود نمائی پر لگا رہی ہیں، اگر وہ وسائل شہریوں کے تحفظ پر خرچ کرتیں تو کل یہ واقعہ پیش نہ آتا، لوگوں کو احتجاج سے نہیں روکا جا سکتا۔