اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جب تک نیشنل ایکشن پلان پرعمل نہیں ہوتا دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔
وہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام سیاسی جماعتوں نے دستخط کیے تھے لیکن اس کے باوجود حکومت نے اسے سنجیدہ نہیں لیا اگر درست طریقے سے عمل درآمد کیا ہوتا یہ واقعات نہیں ہوتے۔
عمران خان نے کہا کہ جب وزیراعلیٰ شہبازشریف طالبان سے استدعا کریں گے کہ پنجاب میں کچھ نہیں کرنا کیوں کہ ہمارے نظریات یکساں ہیں تو ملک سے دہشت گردی کیسے ختم ہو گی؟
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو پاناماسے جان بچانے کے لیے کچھ نظر نہیں آرہا ہے اس لیے تمام وزراء کو اپنی کرپشن چھپانے کے کام میں لگا رکھا ہے۔
عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے یاد دلا یا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کو بھی اآپ نے استعفی دے کر خود کو کلیئر کرکے اسمبلی میں آنے کا کہا تھا اب وقت آگیا ہے کہ نواز شریف اپنے مشورے پر خود عمل کرے۔
لاہور دھماکے کے باعث پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے یا نہ ہونے سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں تاہم پاکستانی کھلاڑی اس صورت حال سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پرحملے کے بعد دنیامیں پیغام گیا تھا کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں ہے تاہم پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونے سے یہ تاثر غلط ثابت ہونے کی امید ہو چلی تھی۔