سرائے عالمگیر: محکمہ مال کے ریکارڈ میں زندہ شہری کو مردہ لکھ دیا گیا، شہری نذر شاہ نے بہت کہا کہ وہ زندہ ہے مگر اس کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے جس پر اسے زندہ تسلیم نہیں کیا جارہا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ سرائے عالمگیر میں پیش آیا جہاں رشتہ داروں نے شہری نذر شاہ کو مردہ قرار دلا کر جائیداد پر قبضہ کرلیا جس کےبعد سرکاری افسران نے نذر شاہ کو زندہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق نذر شاہ کی زندگی میں بہت اتار چڑھاؤ آئے، 24 برس قبل وہ اغوا ہوا کچھ عرصے بعد وہ اغوا کاروں کے چنگل سے چھوٹ کر آیا تو بہت کچھ بدل چکا تھا،رشتہ دار اسے مردہ قرار دلا کر جائیداد ہتھیا چکے تھے۔
نذر شاہ نے لاکھ سرمارا،بہت کوشش کیں کہ وہ ثابت کرسکے کہ وہ زندہ ہے تاہم وہ ثبوت نہ ہونے کے سبب وہ تاحال مردہ ہے، وہ جب بھی پٹواری کے پاس جاتا تو پٹواری اسے یہ کہہ کر بھگادیتا کہ پہلے خود کو زندہ ثابت تو کرو۔
دوسری جانب گاؤں کے لوگوں کی شہادت کے مطابق یہی آدمی نذر شاہ ہے جو زندہ ہے تاہم ان شہادتوں کے باوجود نذر شاہ آج بھی اپنی جائیداد سے محروم ہے۔