اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ کے حکم پر تمام مزارات کو کھول دیا گیا ہے، چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ درگاہوں اور درباروں کو بند کرنے کے بجائے مزید سیکیورٹی فراہم کی جائے.
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے حکم پر تمام مزارات کو کھول دیا گیا ہے، مکمل تلاشی کے بعد زائرین کو مزارات میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے.
لعل شہباز ،بری امام اور گولڑہ شریف کے مزارات سمیت دیگر مقدس مقامات پر زائرین کی بڑی تعداد حاضری دینے کے لئے درگاہوں کے باہرموجود تھی، لہذا وزیرداخلہ چوہدری نثار نے زائرین کو داخلے کی اجازت دیدی.
اس موقع پر انھوں نے حکام کو ہدایت کی کہ درگاہوں اور درباروں کو بند کرنے کے بجائے مزید سیکیورٹی فراہم کی جائے.
دوسری جانب کراچی میں واقع درگاہ عبداللہ شاہ غازی کی سیکیورٹی کے فرائض گذشتہ رات ہی سندھ رینجرز نے سنبھال لیے تھے، 50سےزائد رینجرزاہلکار درگاہ کے اندراورباہر تعینات ہیں.
عبداللہ شاہ غازی رینجرزکے ونگ کمانڈر نے سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لینے کے لیے درگاہ کا دورہ بھی کیا اور سیکیورٹی سے متعلق ہدایات جاری کیں.
مزید پڑھیں:درگاہ لعل شہباز قلندر پر حملہ، 80 افراد شہید، 150 زخمی
واضح رہے، گذشتہ روز درگاہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ میں خودکش حملے کے باعث 80 افراد شہید اور 250 کے قریب زخمی ہوگئے تھے ،