جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے، شاہ محمود قریشی

اشتہار

حیرت انگیز

سیہون شریف : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے وفاقی حکومت نےنیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدنہیں کیا، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد نہ کرنا حکومت کی ناکامی ہے، چوہدری نثار کو اکیلے نشانہ بنانا مناسب نہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیہون شریف کے دورے کے دوران تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ پر تعزیت اور اظہار یکجہتی کیلئے حاضرہوا ہوں، امن، محبت کا درس دینے والے آستانوں کو نشانہ بنانا قابلِ غور ہے، یہ آستانے کبھی بند نہیں کئے جاسکتے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیہون میں دہشت گردی کی کوئی وجہ نہیں بنتی ذہنی وقلبی سکون کے لئے لوگ درگاہوں پر آتے ہیں، درگاہوں پر لوگ اپنے زخم بھرنے آتے ہیں، سازش کرنے نہیں، دہشت گردی کے واقعے پر بہت تکلیف ہوئی ہے، عرس کی تقریبات میں پورے ملک سے لوگ یہاں آتے ہیں، سیہون دھماکا ہوا تو پتہ چلایہاں پر 5 سے7 ڈاکٹرز موجود تھے، جب دھماکا ہوا تو زخمیوں کو دیگر شہروں میں منتقل کیا گیا۔

- Advertisement -

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ مریضوں کا بہتر علاج کرایا جائے اور پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ بند کئے گئے مزارات کھولے جائیں۔

شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ مزاروں کو سیل کرنے سے دہشتگردوں سے مقابلہ ہوسکے گا؟ سیکیورٹی فراہم کرنا فرض ہے، درباروں کو سیل کرنا کوئی حل نہیں، لوگوں کو نشانہ بنانے والوں سے سمجھوتا نہیں مقابلہ کیا جاسکتا ہے، ملک کا امن تباہ کرنے والے عناصر پر پوری قوم کو نظر رکھنا ہوگی، ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کو حقیقت پسندانہ حکمت عملی اپنانا پڑے گی، پنجاب میں حالیہ کارروائیوں میں دہشت گرد مارے گئے، مزید دہشتگردوں کا تعاقب کرنا ہوگا اور مزید کارروائی ہونی چاہیے۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہا کہ چوہدری نثار کو اکیلے نشانہ بنانا مناسب نہیں، وہ حکومت کا حصہ ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر بدقسمتی سے حکومت نے عملدرآمد نہیں کیا، نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمدنہ کرناحکومت کی ناکامی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں