کوئٹہ/ سوات /سکھر/ چنیوٹ : ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں اور مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے چپے چپے میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، بلوچستان میں کاہان کے علاقے چوٹھ کیمپ میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرکے گولہ بارود برآمد کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں چوبیس دستی بم چھوٹی مشین گن کی چار ہزارنو سو گولیاں، بارہ اعشاریہ سات ایم ایم گن کے چارسو تریپن راؤنڈز شامل ہیں۔
دوسری جانب کوہلو کے علاقے نیساؤ میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے زیر زمین چھپائے گئے چھیانوے مارٹر گولے برامد کرلئے۔
سوات پولیس نے آپریشن کے دوران دو روپوش دہشت گردوں سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسلم اور علی اکبر دھماکوں اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے۔
چنیوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے مبینہ دہشت گرد احمد رضا مسعود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹ اور اسلحہ برامد ہوا ہے۔
سکھر میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرکے ایک ہفتے کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔