کراچی: سندھ اسمبلی میں اورنگی ٹاؤن پولیس سے متعلق نثار کھوڑو کا بیان ماحول گرما گیا۔ مظاہرین پر پولیس تشدد کا ذکر کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سیف الدین خالد رو پڑے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں حسب معمول بحث و تکرار ہوتی رہی۔ ایم کیو ایم کے سیف الدین خالد اور ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کے درمیان سخت جملوں نے ایوان کا ماحول گرما دیا۔
سیف الدین کے توجہ دلاؤ نوٹس سے قبل نثار کھوڑو اورنگی ٹاؤن میں پولیس آپریشن سے متعلق بات کرنا چاہتے تھے۔ اسپیکر شہلا رضا روکتی رہیں۔
سیف الدین کا مائیک بند بھی ہوا، کھلا بھی لیکن وہ اورنگی ٹاؤن معاملے پر بات کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ نثار کھوڑو نے پولیس کی بتائی ہوئی رپورٹ سنا دی۔
نثار کھوڑو نے جواب دیا کہ جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سیف الدین جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور بالآخر رو پڑے۔
معاملہ زیادہ خراب ہونے پر ساتھی اراکین نے بیچ بچاؤ کروایا۔