اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اسپاٹ فکسنگ تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پوچھ گچھ کیلئے طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے دونوں کھلاڑی پیر اور منگل کے روز پی سی بی کےسامنے حاضر ہوں گے اور وہاں موجود اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار اُن سے تفتیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے محمدعرفان اورشاہ زیب حسن کو پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کےسلسلے میں طلب کیا ہے، محمد عرفان کو پیر اور شاہ زیب حسن منگل کو پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہونے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
پڑھیں: ’’ کرکٹرشرجیل خان اورخالد لطیف کو چارج شیٹ دے دی گئی ‘‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دونوں کھلاڑی اسپاٹ فکسنگ کے متعلق معلومات اور تفصیلات سے پی سی بی کو آگاہ کرتے ہوئے اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گے، جس کے بعد دونوں کے خلاف کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ’’ عرفان کلیئر نہیں ہوئے، انہیں شوکاز دینا ممکن ہے، شہریار خان ‘‘
یاد رہے پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے محمد عرفان سے تحقیقات کی جاچکی ہیں تاہم انہیں ابھی تک کلیئر قرار نہیں دیا گیا، پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات پی سی بی کا قائم کردہ ٹریبونل کرے گا تاہم ابھی تک کوئی باضابطہ نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا، قانون کے مطابق نوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد ہی ٹریبونل تحقیقات کرنے کا مجاز ہوگا۔