کراچی: اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سرعام‘ کی نشاندہی پر گیسٹ ہاؤس سے اغوا کی گئی خاتون کو بازیاب کرلیا گیا۔ واقعے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کی ٹیم کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک لڑکی کو اس کے رشتہ دار نے رقم کی عوض کراچی میں واقع گیسٹ ہاؤس کے مالک کو فروخت کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ٹیم نے درخشاں پولیس کے ہمراہ مذکورہ گیسٹ ہاؤس پر چھاپہ مار کر اغوا کی گئی خاتون کو بازیاب کروا لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی میں 2 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جن کے خلاف لڑکی کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا تاہم گیسٹ ہاؤس کا مالک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
بازیاب ہونے والی لڑکی کا تعلق لاہور سے ہے۔ کارروائی کے بعد خاتون کو فلاحی ادارے کے شیلٹر میں منتقل کردیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سر عام کی ٹیم کامیاب کارروائیاں کر کے کئی جرائم کو منظر عام پر لا چکی ہے۔ اس سے قبل سندھ اسمبلی میں سیکیورٹی کی خامیوں کا پول کھولنے پر پروگرام کے میزبان اقرار الحسن کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔
ایک اور موقع پر سر عام کی ٹیم نے نادرا کی بد ترین کرپشن کا پردہ چاک کیا جب نادرا اہلکاروں نے چند روپوں کے عوض ایک افغانی شخص کا شناختی کارڈ بنا کر دے دیا۔