گوادر: پاک چائنا اقتصادی راہداری اورگوادر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی کی ٹاسک فورس بنادی گئی۔
گوادر میں سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے پی این ایس اکرم کے کمانڈر شاہد نے بتایا کہ گوادرپورٹ کی حفاظت کے لیے خصوصی بٹالین 88 تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی گوادرکے شپ ہاربرپورٹ چینی ماہرین کی رہائش اور سمندری حدود کی حفاظت کررہی ہے،جبکہ بحریہ کے ہیلی کاپٹرز نگراں طیاروں اسپیڈ بوٹس کے ذریعے سمندری خطے میں امن و امان کے لیے کوشاں ہے۔
کمانڈر شاہد نے کہا کہ پاکستان نیوی کے کمانڈر یائے ہنگور سے جیوانی تک مغربی ساحل کی حفاظت پر مامور ہیں اور روایتی جنگ سمیت ہرقسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہردم تیار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی میں مقامی آبادی کو شامل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کررہی ہے، آفیسرز اور سیلرز کو بھرتی کرنے کے لیے معیارکو نرم کیا گیا تاکہ نیوی کی بھرتی ٹیمیں مقامی آبادیوں میں جاکرامیدواروں کاانتخاب کرسکیں۔
پی این ایس اکرم کے کمانڈر نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کوسٹل بیلٹ میں تعلیم صحت اور روزگارکی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے، جن کے تحت جیوانی، تربت، اورگوادر میں تین ماڈل اسکول قائم کیے گئے اور جہاں مقامی بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
علاوہ ازیں خواتین کو ہنرمندبنانے کیلیے انڈسٹریل ہوم کا قیام بھی عمل میں لایا گیا، تفریح اورآگاہی کے لیے پاکستان نیوی کے تحت ایف ایم ریڈیوبھی چلایا جارہا ہے، اسکولوں کے اساتذہ مراکزصحت کا عملہ اور ریڈیو کے ملازمین مقامی افراد ہیں۔