دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے چئیرمین ششانک منوہر نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات کے باعث مستعفی ہوا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ سے مبینہ اختلافات کے بعد ششانک منوہر نے آئی سی سی کے چئیرمین کے عہدے سے استعفی دے دیا۔ ششانک منوہر صرف آٹھ ماہ کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں۔
آئی سی سی نے ششانک منوہر کے مستفی ہونے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بدھ کے روز منوہر کا استعفی موصول ہوا ہے۔ ششانک منوہر گزشتہ سال مئی میں بلا مقابلہ آئی سی سی کے چئیرمین منتخب ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ششانک منوہر نے ذاتی وجوہات کے سبب عہدہ چھوڑا ہے لیکن بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منافع کی تقسیم کے معاملے پر بی سی سی آئی اور ششانک منوہر میں ٹھن گئی تھی۔ جو ان کے عہدہ چھوڑنے کا سبب بتایا جارہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 59 سالہ ششانک منوہر گذشتہ سال مئی میں دو سال کی مدت کے لیے اس عہدے کے لیے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے تھے۔
وہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے دو بار صدر رہ چکے ہیں۔ ششانک منوہر نے ایک بیان میں مستعفی ہونے کی وجہ کو ذاتی وجہ قرار دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ آئی سی سی مستقبل میں اونچا مقام حاصل کرے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ششانک منوہر سنہ 2008 سے 2011 تک بی سی سی آئی کے صدر رہے۔ جگ موہن ڈالمیا کے انتقال کے بعد انہیں ایک بار پھر اکتوبر 2015 میں بی سی سی آئی کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔