کراچی : شہرِ قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں بسوں کی ریس ،بے قابو ہو کر ایک بس الٹ گئی، ایس ایچ او تھانہ سائٹ نے بنا تفتیش حادثے کے ذمہ دار مفرور ڈرائیور کو بے قصور قرار دے دیا۔
کراچی سائٹ ایریا کے علاقے حبیب بینک چورنگی کے قریب صبح سویرے دو بسوں میں ریس لگ گئی، عینی شاہدین کے مطابق مسافروں سے لدی ایک بس کا ٹائی راڈ تیز رفتاری کے سبب ٹوٹ گیا،دوسری بس سے ٹکرائی اور الٹ گئی، حادثے میں خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوئے۔
موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بس کو سیدھا کرکے سڑ ک کے کنارے لگایا اور جام ٹریفک کی روانی کو بحال کیا، حادثے کے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،
ایس ایچ او تھانہ سائٹ اے موقع پر پہنچے اور حادثے کو اتفاقی اور بنا تفتیش ڈرائیور کو بے قصور قرار دے کرذمہ داری پوری کر ڈالی اور کہا کہ بس ڈرائیورکی گرفتاری کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی: ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن،64 بس ڈرائیورز گرفتار
یاد رہے گذشتہ ماہ ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں بسیں تیز چلانے اور ریس لگانے والوں کخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا تھا ، 64 بس ڈرائیورز کو گرفتار کرکے گاڑیاں ضبط کرلی تھٰیں۔
واضح رہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے یہ کاروائی ٹریفک حادثات میں طالبات سمیت پانچ افراد کی ہلاکت کے بعد شروع کی گئی ہے