اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مجھے پرویز مشرف کی حمایت کا طعنہ دینے والے مجھے ایک آدمی کا نام بتائیں جو مارشل لاء کی پیداوار نہیں۔
وہ قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ بتائیں کہ ملک میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ تک محفوظ نہیں اور مجھ پر بھی حملے ہوئے اور آئی جی اسلام آباد سے سیکیورٹی کے حوالے سے بات بھی کی لیکن سنجیدگی کا مظاہر نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں بڑا آدمی نہیں ہوں لیکن ایک سیاسی ورکر ضرور ہوں اور میری حفاظت کی ذمہ داری بھی حکومتِ وقت پر عائد ہوتی ہے جس سے حکومت غافل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مختلف عدالتوں میں 17لاکھ مقدمات زیر التوا ہیں اور بھی کئی مسائل ہیں اس لیے عدلیہ کےمعاملات کوٹھیک کرنےکی اشد ضرورت ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں سیلاب آئے کوئی ناگہانی آفت آئے یا مردم شماری کرانی ہو تو فوج کو بلایا جاتا ہے اگر ہر مسئلے کا حل فوج ہی ہے تو حکمران اور سیاست دان کس مرض کی دوا ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ لوگ جعلی پولیس مقابلوں میں مارے جاتے ہیں جن کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے لیکن کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔