ڈی آئی خان : جامعہ پنجاب کے بعد ڈی آئی خان کی گومل یونیورسٹی میں بھی دو طلباء تنظیموں میں تصادم ہوگیا۔ پولیس کی بھاری نفری یونیورسٹی میں تعینات کردی گئی، کشیدگی کے بعد تعلیمی نمائش بھی شدید متاثر ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والے طلباء کے تصادم کے بعد ڈی آئی خان کی گومل یونیورسٹی میں بھی طلبا تنظیمیں آمنے سامنے آگئیں۔ ایک طلباء تنظیم کی تعلیمی نمائش کے موقع پر جھگڑا ہوگیا۔ جس کیخلاف طلبا تنظیم نے ریلی نکالی اور خوب نعرے بازی کی۔
صورتحال کشیدہ ہوئی تو پولیس کو طلب کرلیا گیا، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔ ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی گومل یونیورسٹی پہنچے اور طلبا تنظیموں کو پر امن رہنے کی تلقین کی۔
پنجاب یونیورسٹی میں دوسرے روز بھی کشیدگی برقرار
دریں اثناء پنجاب یونیورسٹی میں آج دوسرے روز بھی صورتحال کشیدہ رہی، طلبہ تنظیم کی ریلیوں کو روکنے کے لئے جہاں پولیس کی بھاری نفری یونیورسٹی میں موجود رہی وہیں میڈیا کو بھی کوریج سے روک دیا گیا۔
گزشتہ روز جامعہ پنجاب میں ہونے والے دو طلبہ تنظیموں کے جھگڑے کے اثرات آج دوسرے روز بھی نظر آئےاور کشیدگی برقرار رہی۔ سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سامنے طلبہ تنظیم کی ریلی کو روکنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
ڈنڈا بردار فورس، آنسو گیس کے شیل، قیدیوں کی وین اور واٹر کینن بھی طلب کرلئے گئے۔ واقعے کے بعد احتجاج کرنے والے طلبہ آپس میں ہی لڑ پڑے۔
پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ یونیورسٹی میں کشیدہ صورتحال کے باعث بس سروس معطل رہی تو وہیں حاضری بھی معمول سے کم رہی۔