لاہور: سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لیے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اس لیے سیاست کریں گے تو بھی پاکستان کے لیے اور لڑیں گے تو بھی پاکستان کے لیے, اس لیے آج کے دن کا نعرہ ’’پاکستان تیرے جانثار بے شمار بے شمار‘‘ ہونا چاہیے۔
انہوں نے لاہور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقد کردہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک بچانے کے لیے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، حکومت ملی تو بلوچستان کے عوام سے معافی مانگی، خیبر پختونخوا کے معاملے پر بات کی اور آر اوز کے الیکشن کو بھی ملک کے مفاد میں قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے پر ہمیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اعتراضات اٹھائے گئے لیکن ہم نے اعتراض کرنے والوں پر اعتراض کرنے کے بجائے پاکستان کومضبوط کرنے کے لیے جو بہتر سمجھا وہ کیا کیوں کہ ہمیں پاکستان کو بچا کر رکھنا ہے۔
اس موقع پر شرکاء نے پیپلز پارٹی اورسابق صدر آصف علی زرداری کے حق میں نعرے لگائے اور جب سب نے مل کر کہا کہ آصف تیرے جانثار بے شمار بے شمار کا نعرہ لگا یا تو آصف زرداری نے کہا کہ آج کا نعرہ تو یہ ہونا چاہیے کہ پاکستان تیرے جانثار بے شمار بے شمار جس پر تقریب اس نعرے سے گونج اٹھا۔
سابق صدر نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں لیکن ہمیں تاریخ میں زندہ رہنا ہے اور ایسے کام کرجانا ہے جس سے ہماری آئندہ نسل محفوظ اور تابناک ہو تاکہ آئندہ آنے والی نسلیں ہمیں یاد رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ دوران صدارت صدام حسین سے ملاقات کا موقع ملا تھا اس وقت کیا جاہ و جلال تھی اور کیسا غرور و گھمنڈ ہوا کرتا تھا اور پھر اسی صدام حسین کے عبرت ناک انجام کو بھی دیکھا جب کسمپرسی اپنے عروج پر تھی افسوس کی بات یہ ہے کہ آج اپنے حکمرانوں میں بھی وہی گھمنڈ دیکھ رہا ہوں۔