اتوار, اپریل 20, 2025
اشتہار

کراچی میں بڑھتی گرمی، ہیٹ اسٹروک کا خطرہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں بڑھتی گرمی سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑگیا ہے . محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ آنےوالےدنوں میں گرمی بڑھےگی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تین روز کے دوران کراچی کا درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ بڑھا ہے، پیر کو درجہ حرارت بڑھ کر 37 اعشاریہ 5 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا ، یکم اپریل سے ملک بھر میں گرمی کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جب کہ کراچی والوں کیلئے سمندری ہوائیں بند ہونے سے اپریل بھاری گزرے گا۔

محكمہ موسمیات كے قائم مقام چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید نے كہا ہے كہ کراچی میں اپریل سے گرمی میں مزید اضافہ ہوگا لہٰذا متعلقہ ادارے اور شہری ہیٹ ویوز کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔

چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ اگر ہیٹ ویوز كا امكان ہوا تو محكمہ موسمیات كی جانب سے تین روز قبل الرٹ جاری كردیا جائے گا تاكہ متعلقہ ادارے اور شہری حفاظتی اقدامات كرلیں، گلوبل وارمنگ كی وجہ سے دنیا كے مختلف ممالك میں گرمی كی شدت بھی بڑھ رہی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر غلام رسول بھی آگاہ کرچکے ہیں کہ رواں برس پورے ملک میں موسم گرما اپنے مقررہ وقت سے قبل آجائے گا جس کے بعد درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

ماہرین نے اس کی وجہ موسمی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے یعنی گلوبل وارمنگ کو قرار دیا ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے انتظامات شروع

دوسری جانب سندھ حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے انتظامات شروع کردیئے ہیں ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ توفیق چوہدری کا کہنا ہے کہ ہیٹ اسٹرک سے بچاؤ کی مہم شروع کی جارہی ہے، تمام اضلاع میں کیمپ قائم کئے جائیں گے۔

توفیق چوہدری کا کہنا تھا کہ دھوپ سے بچاؤ کیلئے عوام احتیاطی تدابیر اختیارکریں، شہری اداروں سے ملکر انتظامات کرینگے، گرمی کی شدت بڑھ رہی ہے،ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ ضروری ہے۔

یاد رہے کہ 2015 میں  کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے 1 ہزار سے زائد جانیں لے لی تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں