کراچی: عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اُن کے نام کا یادگاری سکہ جاری کردیا ہے
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک میں عبدالستار ایدھی کا یادگاری سکہ جاری کرنے کیلئے تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں فیصل ایدھی کی بھی شرکت کی، گورنراسٹیٹ بینک نے یادگاری سکہ فیصل ایدھی کوپیش کیا، اس موقع فیصل ایدھی نے کہا کہ ایدھی صاحب کے مشن کو جاری رکھیں گے، حکومت اور اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایدھی کی خدمات کا اعتراف ان کا مشن اپنانا ہے ، 50روپے مالیت کے عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب 50روپے مالیت کے 50 ہزار سکے جاری کیے گئے ہیں، یادگاری سکہ اسٹیٹ بینک کے 16دفاتر سے عوام کیلئے دستیاب ہوگا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے یاد گاری سکوں کا سلسلہ 1976 کو شروع ہوا تھا ، ابتک پاکستان میں5شخصیات کےیادگاری سکےجاری کئے گئے ، بابائے قوم محمد علی جناح کے حوالے سے 3 یادگاری سکے جاری ہوچکے ہیں ، اسٹیٹ بینک مختلف مواقعوں کے اب تک 27 سکے جاری کرچکا ہے۔
مزید پڑھیں : عبدالستار ایدھی کی خدمات : یادگاری سکہ 31 مارچ سے دستیاب ہوگا
خیال رہے کہ سکے کی پشت پر پر ایدھی صاحب کی تصویر کا عکس ہے اور اس پر عہد انسانیت عبد الستار ایدھی کے الفاظ درج کیے گئے ہیں۔
یاد رہے معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی طویل علالت کے بعد گزشتہ برس کراچی میں انتقال کرگئے تھے، اُن کی خدمات کے اعتراف میں مختلف سڑکوں اور اسٹیڈیمز کو ایدھی صاحب کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ سال جولائی میں اسٹیٹ بینک کوعبدالستار ایدھی کی یاد میں خصوصی سکہ جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔