اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ ویزا قوانین کو بہتر بنا کرآن لائن ویزا سروس شروع کی جائے، ایئرپورٹ پر اترنے کےنام پر ویزا کی سہولت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کو قواعد پرعملدرآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔
چوہدری نثار نے کہا کہ ایئرپورٹ پر اترنے کےنام پر ویزا کی سہولت کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ایئرپورٹ پرعارضی قیام کےنام پر ویزا کےاجرا کاعمل فوری طور پر معطل کیا جائے، ایسی سہولت سے پیچیدہ بے قاعدگیاں پیدا ہوتی ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ ویزا قوانین کوبہتر بنائے اور آن لائن ویزا شروع کرے۔ جدید امیگریشن نظام سے ملکی بارڈر کنٹرول اقدامات کو تقویت ملے گی۔
امیگریشن، بارڈر کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی سوچ پرتیزی سےعمل کیا جائے اور پہلے مرحلے میں امیگریشن اور بارڈرمینجمنٹ کا الگ ادارہ بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ایف آئی اے کے تحت کام کرے۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل حل کرنے میں غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی، ویزے کے اجراء اورامیگریشن کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
اس موقع پرایف آئی اے کی جانب سےانسانی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس کو پٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیوں سےٹیکس وصولی سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے 2016 میں 2 ارب 51 کروڑ روپے سے زائد ریکوری کی، پہلی بار ویزا پالیسی کی خلاف ورزی پرغیر ملکی ایئرلائنز کو جرمانہ کیا گیا، ایئرلائنزکو اپنےاخراجات پر بنا اجازت لانے والے مسافروں کو واپس لے جانا پڑا۔
بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ ویزا پالیسی کی خلاف ورزی پرغیر ملکی ایئر لائنز پر 9 کروڑ40 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔