اسلام آباد : سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ اسلامی فوجی اتحاد دہشتگردی کے خلاف ہے، کسی ملک کے خلاف نہیں ، راحیل شریف کسی طور ایرانی مفاد کے خلاف کام نہیں کرسکتے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سرداراویس خان لغاری کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سمیت دفتر خارجہ کے اعلی حکام نے شرکت کی اور کیمٹی کو مختلف اہم امور پر بریفنگ دی۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کو بتایا کہ کسی بھی ریٹائرڈ فوجی افسرکو کہیں بھی ملازمت کا حق ہے، اسلامی فوجی اتحاد دہشتگردی کے خلاف ہے، راحیل شریف کسی طور ایرانی مفاد کے خلاف کام نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا اسلامی اتحاد کی سربراہی،پاک ایران تعلقات کو دیکھنا ہوگا ایران سے تعلقات میں توازن ضروری ہے، ایران ہمسایہ برادرملک ہے، تجارت318ملین ڈالر ہے، ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے بعد تجارت مزید بڑھے گی، دونوں ممالک میں آزاد تجارت کا معاہدہ بھی ہوگا، ہم ایران سے گیس پائپ لائن کا منصوبہ مکمل کرنا چاہتے ہیں۔
چاہتے ہیں اسلامی ممالک دہشتگردی کے خلاف اکٹھے ہوں
سیکریٹری خارجہ نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں اسلامی ممالک دہشتگردی کے خلاف اکٹھے ہوں، ایران کے ساتھ پاکستان کا کوئی سرحدی تنازع نہیں ، پاک ایران بارڈردوستی کی سرحد ہے، گپت اورمندہ ین پر دو مزید کراسنگ پوائنٹس کھول رہے ہیں۔
تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب، ایران، یمن سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، پاکستان مسلم ممالک کو یکجا دیکھنا چاہتا ہے، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات مشکلات کاشکار ہیں ہم ایران سعودی عرب کشیدگی میں کمی کی کوششیں کر رہے ہیں۔
خارجہ امور کمیٹی نے سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر تہمینہ جنجوعہ کو مبارک باددی۔پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی وجہ سے پی پی پی کے اراکین خارجہ امور کمیٹی اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے۔