کراچی: احتساب کی خصوصی عدالت نے شرجیل میمن کے خلاف کرپشن ریفرنس کی عدالت چھ مئی تک ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آج شرجیل میمن کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی‘ ان کے وکیل نے بیماری کے سبب حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی۔
ان کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کی گیا کہ سابق صوبائی وزیرعلاج کی غرض سے اسپتال میں تھے اس کے باوجود بھی عدالت میں پیش ہوئے‘ ان کی بیماری کو مدِ نظررکھتے ہوئے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے شرجیل میمن کی بیماری سے متعلق مکمل دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت چھ مئی تک ملتوی کردی ہے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر شرجیل میمن کے چہرے پر نقاہت تھی‘ وہ سہارا لے کر چلتے ہوئے عدالت میں آئے۔ اور دورانِ سماعت تسبیح پڑھتے رہے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیربرائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ وہ بیمار ہیں لیکن ڈاکٹر عاصم ان سے زیادہ بیمارہیں۔
شرجیل میمن کی عبوری ضمانت منظور
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کی تیس تاریخ کو سندھ ہائی کورٹ میں شرجیل میمن کرپشن کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں ان کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست کی جسے منظور کرلیا گیا تھا۔
شرجیل میمن نے اس سے قبل بیرونِ ملک سے دو سال بعد واپسی پراسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی اسی مقدمے میں حفاظتی ضمانت حاصل کی تھی۔
عدالت نے شرجیل میمن کو20لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دیا تھا جبکہ ان کی حفاظتی ضمانت 2ہفتے کےلیے منظور کی گئی ہے۔