بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم کا واٹر بورڈ کے خلاف احتجاجی دھرنا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں دھرنوں کی سیاست عروج پر پہنچ گئی ہے، پی ایس پی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے بعد ایم کیو ایم نے بھی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف واٹر بورڈ کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی یقین دہانی کے بعد ختم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف متحدہ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے رکن شیخ صلاح الدین نے کہا کہ نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد سمیت ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی کے سے شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں، اس مسئلے کو لے کر ایم ڈی واٹربورڈ سے ملاقات کی کوشش کی مگر دو ماہ میں انہوں نے ملاقات کرنے کی زحمت تک نہ کی۔ شیخ صلاح الدین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں سیوریج کا نظام درھم برہم ہوچکا ہے اور کوئی پرسان حال نہیں۔

ایم ڈی واٹر بورڈ ہاشم رضا زیدی مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے اور ایم کیو ایم رہنماؤں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد متحدہ نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ہاشم رضا زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کے موسم میں حب ڈیم سے پانی کی سپلائی کم ہوتی ہے جس کے باعث شہر میں پانی کی ترسیل میں کمی کا سامنا ہے، حب سے آنے والی لائن میں 55 غیر قانونی کنکشن تھے جنہیں ختم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی لائنوں میں سیوریج کا پانی آتا ہے جن کی لائنوں کی مرمت کے لیے مطلوبہ فنڈز جاری کردیے گئے ہیں، ایم کیو ایم کے مطالبات جائز ہیں اس لیے اُن کو جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے پاک سرزمین پارٹی کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے دو روز سے کراچی پریس کلب پر دھرنے میں بیٹھی ہوئی ہے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے بجلی کی اوور بلنگ کے خلاف کے الیکٹرک دفتر کے باہر دھرنا دیا گیا علاوہ ازیں تحریک انصاف نے بھی کنٹومنٹ ایریا میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف کنٹومنٹ دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں