اسلام آباد: حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت اور ظلم و بربریت سے معصوم بچے بھی محفوظ نہیں وہاں 9 ماہ کی بچی بھی پیلٹ گن کا نشانہ بنی۔
حریت پسند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک اسلام آباد میں ہونے والی کشمیر کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں انہوں نے کہا کہ مودی سےمتعلق امریکا سمیت دنیا بھرمیں مہم کی ضرورت ہے کیوں کہ کل تک مودی پرامریکا میں داخلےپر پابندی تھی جب کہ آج اس کا استقبال ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی توجہ حاصل کرنے کے لیے لابنگ کر رہا ہے اس لیے ورلڈ اکنامک فورم میں کشمیریوں کی محرومیوں کی بات کرنا ہو گی جس کے لیے بیرون ملک جانے والے وفود میں کشمیریوں کی حقیقی نمائندگی کی ضرورت ہے۔
مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت حریت پسند رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے اور انہیں بے گناہ قید کررکھا ہے اسی طرح یاسین ملک پر بھی دوران حراست بہیمانہ تشدد کیا جارہا ہے جس کے باعث ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو حریت پسند رہنماؤں پر تھرڈ ڈگری تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے ہزاروں نوجوانوں کے قاتل بھارت کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔