پشاور : آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ حکومتی انتظام نااہلوں کے ہاتھ میں ہے تاہم امید ہے پاناما کیس کا تاریخی فیصلہ آئے گا اور ملک کی تقدیر جاگ اٹھے گی۔
پرویز مشرف نے پشاور میں ایک اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں صرف دعوے کیے جا رہے ہیں پر کام ہوتے ہوئے نظر کچھ نہیں آرہا ہے بلکہ حالات خراب ہی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نےعوام کی خوش حالی کے لیے بہت کچھ کیا ہے اور میرے دور میں پاکستان کا دنیا کے 11 ترقیاتی ممالک میں شمار ہوتا ہے لیکن اب سب کیے کرائے پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔
سابق آرمی چیف نے کہا کہ آج کل کرپٹ لیڈر شپ حکومت چلا رہی ہے جس نے ملک کو پاناما لیکس کی بدنامی کے سوا کچھ نہیں دیا ہے اور آئندہ بھی ان سے خیر کی امید نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے پاناما کیس کا فیصلہ جلد از جلد آئے تا کہ ملک کا نظام آگے بڑھے اور یہاں لوٹ مار کرنے والے حکمرانوں کے لیے کوئی جگہ باقی نہ بچے۔
واضح رہے سابق آرمی چیف پرویز مشرف کمر درد کے مرض میں مبتلا ہیں اور آج کل علاج کے غرض بیرونِ ملک مقیم ہیں جب کہ ان کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت غداری کے مقدمے کی سماعت بھی جاری تھی۔