ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

کراچی میں آج شدید گرمی پڑنے کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں آج شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے اور درجہ حرارت 41 ڈگری تک جا سکتا ہے، ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لئے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران کراچی میں درجہ حرارت 38 سے 41ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت کو قابو رکھنے والی سمندری ہوائیں نہ چلنے کی وجہ سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو ارلی وارننگ سسٹم بھی قائم کرلیا ہے، جو موسم کے اتار چڑھاؤ کو دیکھ کر 3روز قبل ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کر دے گا، جمعرات سے موسم میں بہتری آنے کی امید ہے تاہم 2017ء گزشتہ دو سالوں کی طرح گرم رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں رواں سال کا گرم ترین دن رہے گا اور کل بھی گرم ترین دن رہا، درجہ حرارت اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہے گی۔


مزید پڑھیں : کراچی میں آئندہ 3دن موسم گرم رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات


گذشتہ روز محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ کراچی مین آئندہ 3روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے، درجہ حرارت 38سے40ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، شمال مغرب سے10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر غلام رسول بھی آگاہ کرچکے ہیں کہ رواں برس پورے ملک میں موسم گرما اپنے مقررہ وقت سے قبل آجائے گا جس کے بعد درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے۔

قائم مقام چیف میٹرو لوجسٹ، عبدالرشید کا کہنا تھا کہ شہر کراچی میں ناصرف درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا، بلکہ مئی اور جون میں یہ اپنے عروج پر ہوگی، رواں سال بھی پچھلے سالوں کی طرح گرم گزرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سال گرمی کے سابقہ ریکارڈ نہ ٹوٹ جائیں، لہٰذا متعلقہ ادارے اور شہری ہیٹ ویوز کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کریں۔

ماہرین نے اس کی وجہ موسمی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کی وجہ سے عالمی درجہ حرارت میں ہونے والے اضافے یعنی گلوبل وارمنگ کو قرار دیا ہے۔

ڈاکٹروں کا شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ

دوسری جانب ڈاکٹروں نے ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاط برتنے کا مشورہ دے دیا ہے کہ شہری دوپہر بارہ بجے سے چار بجے تک باہر نکلنے میں احتیاط برتے۔

ڈاکٹرز نے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور پانی زیادہ پینے کا مشورہ دیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں