چترال : لیفٹیننٹ کرنل عدنان شفیق کی سربراہی میں پاک فوج اور چترال اسکاؤٹس کے جوانوں نے غذائیت کی کمی کے شکار گورنمنٹ پرائمری اسکول گہریت کے بچوں میں ابلے ہوئے انڈے اور پراٹھے تقسیم کیے اور کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے لیے دو کلاس روم بھی تعمیر کروائے۔
مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل عدنان شفیق نے کہا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ مالاکنڈ میجر جنرل علی عامر اعوان کچھ روز قبل دورہ چترال پر آئے تھے تو یہاں بچوں کو سخت موسم میں کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرتے پایا جب کہ اکثر طلباء میں غذائیت کی کمی بھی پائی گئی تھی۔
اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل عدنان شفیق اسکول میں کلاس روم کی تعمیر اور بچوں کو متوازن غذاء کی فراہمی کے لیے فوری طور پر 50 لاکھ روپے کا فنڈ منظور کیا جس سے اسکول میں دو کلاس روم تعمیر کرائے گئے ہیں اور اگلے تین ماہ تک چترال کے نوے فی صد طلباء و طالبات کو ابلے ہوئے انڈے اور پراٹھے فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی افزائش بہتر انداز سے ہوسکے اور وہ غذائی کمی کا شکار نہ ہوں۔
اسکول کے ہیڈ ٹیچر شفیق الرحمان نے بتایا کہ اسکول میں کلاس روم کی بہت کمی تھی اور بچے بارش کے دوران بھی کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور تھے تاہم پاک فوج کے کرنل لیفٹیننٹ کرنل عدنان شفیق نے اسکول میں دو عدد کمرے تعمیر کرادیے ہیں جس کے لیے پاک فوج کے شکر گذار ہیں۔
ایک طالب علم صہیب احمد نے کہا کہ ان کو پاک فوج کی جانب سے ہفتے میں پانچ روز انڈا اور پراٹھا ملتا ہے اور اب کشادہ کمروں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اس لیے اب وہ خوشی خوشی اسکول آتا ہے۔
اسی طرح چوتھی جماعت کی طالبہ مسکان بی بی کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے اسکول میں دو کمرے بنائے ہیں جس کی وجہ سے اب وہ بارش اور گرمی سے بچ جائیں گے اس سے پہلے وہ بارش اور دھوپ میں بھی کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور تھے۔
دوسری جماعت کی طالبہ نادیہ اور طالب علم عبدالرشید نے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ خود کو صحت مند اور چاک و بند محسوس کرتے ہیں جب کہ نئے کلاس میں پڑھنے میں انہیں بہت لطف آ رہا ہے اور سارے دوست بھی بہت خوش ہیں۔
علاقے کے سماجی کارکن یور مست جلال کا کہنا ہے کہ ان کے گاؤں کے اسکول میں کلاس روم کی کمی محسوس ہوتی تھی اور بچے بارش و گرمی میں کھلے آسمان تلے بیٹھنے پر مجبور تھے مگر اب پاک فوج نے اسکول میں دو کمرے بنوائے ہیں اور بچوں کو ہفتے میں پانچ روز ابلے ہوئے انڈے اور پراٹھے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے بچوں میں دلچسپی بڑھ گئی ہے اور وہ حصول علم کے لیے بلا ناغہ اسکول آرہے ہیں۔
اس موقع پر اسکول کے تمام طلباء نے پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد اور چترال اسکاؤٹس زندہ باد کے نعرے بھی بلند کیے۔