کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کا احتجاج ساتویں روز بھی جاری ہے۔ پی ایس پی کے رہنماؤں نے ایک اور رات احتجاجی کیمپ میں گزاری۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مسائل کے حل کا مطالبہ لیے پاک سرزمین پارٹی کا دھرنا پریس کلب کے باہر جاری ہے۔
پی ایس پی رہنما صغیر احمد کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف ملے گا تو احتجاج ختم کر دیں گے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی اور دیگر رہنما کارکنوں کے ہمراہ فٹ پاتھ پر بستر بچھا کر سوتے ہیں۔
دھرنے میں بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومتی حلقے سنجیدہ نہ ہوئے تو احتجاج کے دیگر آپشنز پر غور کریں گے۔
مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال کا دھرنے کا اعلان
یاد رہے کہ مصطفیٰ کمال نے 6 اپریل سے احتجاجی دھرنے کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے پاک سرزمین پارٹی کی پہلے یوم تاسیس کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی 6 اپریل سے احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی جس کے دوران عوامی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا اور صاحبان اقتدار پر کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے سخت دباؤ ڈالیں گے۔