پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے سی ای او نے برمنگھم کی پرواز میں سگریٹ نوشی اور عملے سے بدتمیزی میں ملوث مسافروں کو بلیک لسٹ کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرنئیرحیات نے جاری کردہ بیان میں متعلقہ افسران کو حکم دیا ہے کہ اسلام آباد سے برمنگھم جانے والی پرواز پی کے 791 میں سگریٹ پینے اور خاتون کیبن کریو کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے مسافر کا بلیک لسٹ کردیا جائے۔
گزشتہ روز برطانوی پولیس نے پاکستانی نژاد برطانوی شخص کو پی آئی اے کی پرواز کے کپتان کی درخواست پر حراست میں لیا گیا تھا۔
لندن پولیس نے پی آئی اے کریو کے 7 ارکان کو گرفتارکرلیا
رپورٹس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد طیارے کے بیت الخلا میں دورانِ پرواز سگریٹ نوشی کررہے تھے اور کیبن کریو کے منع کرنے پر انہوں نے خاتون سے بدتمیزی کی اور ان میں سے ایک نے عملے کو باقاعدہ مغلظات بھی بکیں۔
عملے نے واقعے کی شکایت پائلٹ سے کی جس نے اس معاملے پر برطانوی پولیس سے رابطہ کیا اور فلائٹ کے برمنگھم لینڈ کرنے پر برطانوی پولیس پہلے ہی مذکورہ مسافر کے استقبال کے لیے موجود تھی اور جہاز سے اترتے ہی اس شخص کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
پی آئی اے انتظامیہ اوربرطانوی پولیس کی جانب سے مذکورہ شخص اور واقعے میں ہراسگی کا نشانہ بننے والی خاتون کیبن کریو کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے۔