لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو بھارتی دباؤ میں ریمنڈ ڈیوس نہیں بننے دیں گے، پانامہ کیس کے فیصلے میں مسئلہ کشمیر جیسی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق منصورہ لاہور میں مزدور تنظیموں کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ کلبھوشن پر بھارتی احتجاج افسوسناک ہے، دہشت گردی کروانے والے سے کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے ، ورنہ مزید سینکڑوں کلبھوشن پاکستان میں داخل ہوں گے۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ نیپال سے اغوا ہونے والے کرنل (ر) حبیب کا کلبھوشن کی گرفتاری میں کردار تھا تو اسے سکیورٹی فراہم کیوں نہیں کی گئی، ملکی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں : کشمیرمیں بھارت اور برطانیہ مظالم ڈھا رہے ہیں، سراج الحق
عزیر بلوچ کے حوالے سے سراج الحق کا کہنا تھا کہ عزیر بلوچ کا کیس شفاف طریقے سے سول عدالت میں چلایا جائے ۔
سراج الحق نے کہا کہ قوم پانامہ کیس کا جلد فیصلہ چاہتی ہے، اسے مسئلہ کشمیر کی طرح تاخیر کاشکار نہ کیا جائے، ملی وسائل کی غیر منصفافہ تقسیم کی وجہ سے بنگلہ دیش پاکستان سے علیحدہ ہو ، اب جنوبی پنجاب میں محرمیاں بڑھ رہی ہیں۔