اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مردم شماری کے دوران جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے بیٹے کو 10 لاکھ روپے کا چیک اور محکمہ تعلیم میں ملازمت دی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سیکیورٹی کے پیش نظر مردم شماری کو 2 مراحل میں تقسیم کیا گیا، اس ضمن میں حکومت نے جامع حکمت عملی ترتیب دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 63 اضلاع میں مردم شماری مکمل ہوچکی جبکہ تمام صوبوں میں مردم شماری ایک ہی وقت میں مکمل کی جائے گی، حکومت نے مردم شماری کی شفافیت کو برقرار رکھنے کےلیے عالمی مبصروں کی 6 ٹیمیں نگرانی پر مامور ہیں۔
پڑھیں: ’’ لاہور: مردم شماری ٹیم پر خودکش حملہ،5 فوجی اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ‘‘
اسحاق ڈار نے کہا کہ مردم شماری کے عمل سے عالمی مبصرین مطمئن ہیں ، ایک واقعے سے مردم شماری کو رکوانے کی کوشش کی گئی مگر ہمارے لوگوں نے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے کام کو جاری رکھا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہاکہ لاہور میں مردم شماری کے حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے عملے اور اہلکاروں کے بیٹوں کو محکمہ تعلیم میں نوکری دی جائے گی اور انہیں 10 لاکھ روپے کا چیک دے دیا گیا۔