اسلام آباد : قومی اسمبلی نے تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل منظور کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کا بل منظور کرلیا گیا ہے، قرآن پاک کی تعلیم لازمی قرار دینے کا بل وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمان نے پیش کیا۔
بل کے مطابق قرآن پاک کی تعلیم مسلمان طلباء کیلئے لازمی ہوگی اور چھٹی سے بارہویں جماعت تک مفہوم کے ساتھ قرآن پاک کی تعلیم دی جائے گی، جس کے بعد قرآن پاک کی لازمی تعلیم 2017 ء کا بل قومی اسمبلی میں اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : پنجاب کے اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم لازمی قرار
اس سے قبل رواں سال فروری میں پنجاب حکومت نے سرکاری تعلیمی نصاب میں قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی قرار دیا تھا، جس کے مطابق پہلی سے پانچویں جماعت تک ناظرہ کی جبکہ چھٹی سے دسویں جماعت تک کے طلبہ کو ترجمے کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم دی جائے گی تاہم دس سے بارہویں جماعت تک قرآنی احکامات پر مبنی سورتیں پڑھائی جائیں گی۔
مزید پڑھیں : کے پی کے کا انقلابی اقدام، اسکول میں قرآنی تعلیم لازمی قرار
قبل ازیں خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے تمام اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی قرار دیتے ہوئے اسے نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جسے صوبے کے عوم نے بہت سراہا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی جبکہ چھٹی جماعت سے میٹرک کے بچوں کو قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھانے کی تعلیم کو لازم قرار دیا تھا۔