اسلام آباد : سپریم کورٹ بار کے سابق صدرعلی ظفر نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ آئے گا اور اس پرعمل درآمد بھی ہوگا، عدالت فیصلے میں کمیشن بناسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے میں کرپشن کے خاتمے کاروڈ میپ آنے کا امکان ہے، فیصلے میں لکھا جائے گا کرپشن بہت بری چیز ہے،پاناما فیصلے میں اداروں کو اپنا کام کرنے کا کہا جائے گا۔
علی ظفر نے کہا کہ اگر عدالت کمیشن تشکیل دیتی ہے تو اس پر کسی کو افسوس نہیں ہونا چاہیے، پاناما کیس میں اہم پوائنٹ اسحاق ڈار کا حلف نامہ ہے۔
حکومتی پالیسیوں سے ملک دیوالیہ ہونے والا ہے، سلیم مانڈوی والا
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے فیصلے نے وزیراعظم کو پریشان کردیا،2013 میں ملک دیوالیہ ہونے والا نہیں تھا لیکن حکومتی پالیسیوں سے ملک آج دیوالیہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جو بویا ہے وہ آج کاٹ رہی ہے،ن لیگ نے نیشنل گرڈ میں ایک میگا واٹ بجلی شامل نہیں کی،پیپلز پارٹی نے 4 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، وزیراعظم آج اپنے وزرا کی نااہلی کا رونا رو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر ٹوئٹ کررہے ہیں، پی پی لوڈ شیڈنگ کے خلاف 22 اپریل کو ملک گیر احتجاج کرےگی۔