کراچی : شہر قائد میں دو گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ سہراب گوٹھ میں پولیس نے سرچ آپریشن کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق لیاقت آباد میں شیش محل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں فرحان نامی شہری زخمی ہوا جو دوران علاج دم توڑ گیا، اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں پانچ افراد زخمی ہوگئے.
اورنگی ٹاؤن 10 نمبر منگل بازارکے قریب فائرنگ سے زخمی افراد کی شناخت ہوگئی، فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں باپ بیٹا سمیت 5 افراد شامل ہیں، واقعے میں عبدالحفیظ، ارشد،شمیر، ضحیف اور فیضان زخمی ہوئے،.
پولیس کے مطابق فائرنگ کاواقعہ پانی کےتنازع کا شاخسانہ ہے، فائرنگ کرنے والے4ملزمان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، زخمیوں کوعباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب سہراب گوٹھ اور لائٹ ہاؤس میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد زخمی ہوئے، سہراب گوٹھ اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا ، پولیس کے مطابق آپریشن مسافر خانوں اور اطراف کے گھروں میں بھی کیا گیا جہاں سے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا۔