کراچی : چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو حکمرانوں نے تباہ کیا ہے اور روشنیوں کے شہر کو کھنڈر میں تبدیل کر رکھ دیا گیا ہے۔
وہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں الکرم اسکوائر لیاقت آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ 14 مئی کو کراچی کا ایک ایک شہر گھر سے نکلے گا اور ملین مارچ کا حصہ بن کر حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گا۔
سربراہ پاک سرزمین نے کہا کہ کراچی کے حقوق حاصل کرنے کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہو گی جس کے آغازکے لیے کراچی کے ایک ایک شہری کو باہر نکلنا ہوگا اور آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا کراچی دینا ہے تو باہر نکلنا ہوگا۔
مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ہامرے 16 نکات کراچی کو شہری سہولیات دینے کے لیے ہیں اور اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو کراچی رہنے کے قابل نہیں رہے گا بلکہ موہنجو دارو کی طرز کا ہوجائے گا۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ ہم 18 دن تک پریس کلب کے سامنے بیٹھے رہے اور حکومت سے کوئی زاتی مراعات نہیں مانگی بلکہ ہمارا ہر ایک مطالبہ اس کے شہریوں کے حقوق کی ضمانت ہے جس سے اس شہر کی قسمت جاگ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کےحل کی بات کوسیاسی رنگ نہیں دیناچاہیے کیوں اس سے قبل اس شہر کے حقوق کے نام پر صرف سیاست ہی کی گئی ہے لیکن ہم سیاست کے بجائے مسائل کے حل کے لیے کراچی والوں کو آواز لگا رہے ہیں۔