کراچی: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ شہر قائد کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے نادرا کے 2 میگا سینٹرز کا افتتاح کیا جارہا ہے جبکہ تیسرا میگا سینٹر مئی کے آخر تک سائٹ کے علاقے میں کھول دیا جائے گا۔
شہر قائد میں نادرا کے میگا سینٹرز کا افتتاح کرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گرمی سے تھکے ہارے لوگ نادرا سینٹر آئیں گے تو عملہ اُن سے خوش اخلاقی سے پیش آئے، اگر کسی نے بھی کوئی بدتمیزی کی اُسے نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو نادرا مراکز پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے شہر قائد میں میگا سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا، میگا سینٹرز میں 3 ہزار درخواستیں نمٹانے کی صلاحیت ہے۔
پڑھیں: ’’ کراچی کے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کا حصول ناممکن ‘‘
چوہدری نثار نے کہا کہ ملک بھر میں 3 لاکھ شناختی کارڈ بلاک کیے گئے جن میں سے ایک لاکھ 72 ہزار شناختی کارڈ مستقل طور پر بلاک کیے گئے تاہم دیڑھ لاکھ کے قریب شناختی کارڈ ان بلاک کیے جارہے ہیں جبکہ بقیہ کارڈز کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پانچ لاکھ شناختی کارڈ بلاک کرنے کی بات سراسر غلط ہے، ایک وقت تھا کہ کراچی میں صفائی ستھرائی ہوتی تھی مگر آج یہاں کچرے کے ڈھیر ہیں اور لوڈشیڈنگ بھی ہورہی ہے۔