راولپنڈی: آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقِ خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیریوں کو کسی جبر وخوف کے بغیر زندگی گزارنے کا حق ہے۔
اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔
لائن آف کنٹرول کا دورہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی برپا کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
کشمیری حریت رہنما آسیہ اندرابی گرفتار
یاد رہے کہ کشمیر میں ان دنوں حریت کی لہر زوروں پر ہے جسے دبانے کے لیے بھارت کی جانب سے مظالم کا سلسلہ مسلسل جاری ہے‘ آئے دن کشمیری رہنماؤں کو حراست میں لیا جاتا ہے اور عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں۔
تین دن قبل مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیریوں پرہونے والا ظلم وستم شدت اختیار کرگیا اور بھارتی فورسز نے خاتون کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کوگرفتارکرلیا۔
کشمیری حریت رہنما آسیہ اندرابی کےترجمان کے مطابق انہیں سری نگر کےعلاقے سورا میں واقع ان کے گھر سےگرفتار کیاگیاتھا۔
کشمیری طالبات کا بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج
گزشتہ دنوں آزادی کی جنگ کیلئے مقبوضہ کشمیر میں اسکول کالج کی لڑکیاں بھارتی فوجیوں کے سامنے ڈٹ گئیں، بھارتی مظالم کے خلاف طالبات اپنے یونیفارم میں سڑکوں پر نکل آئیں، بھارتی فورسز نے آزادی کی حامی طالبات کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔