اسلام آباد : وزیراعظم محمد نوازشریف نے چمن میں افغانستان کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کی مذمت اور ہونیوالے قیمتی جانی نقصان پرافسوس کا اظہار اور کہا کہ ایسے واقعات خطے میں امن واستحکام کی کوششوں کیلئے نقصان دہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہائوس سے جاری ہونیوالے بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقے میں مردم شماری ٹیم پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر پر فائرنگ اور اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، افغان حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثراقدامات کرے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات خطے میں امن واستحکام کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں۔
وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کیساتھ اظہار ہمدردری زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں : افغان فورسز کی چمن میں گولہ باری اورفائرنگ‘ 8شہری شہید‘24زخمی
یاد رہے آج افغان فورسز نے چمن کے علاقے میں مردم شماری ٹیم پر فائرنگ اور گولہ باری نتیجے میں اب تک 8افراد شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد زخمی ہو چکے ہیں، ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے گولہ باری میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیاگیا۔زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔