لاہور : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہش مند ہیں۔ حسن روحانی نے تو بھارت کو کرارا جواب دے دیا ہے۔
یہ بات انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سردار ایاز صادق نے کہا کہ دورہ افغانستان میں افغان حکام سے ملاقاتیں مثبت رہیں، ناکامی کی باتیں کرنے والے وطن سے مخلص نہیں۔ افغان صدر اشرف غنی نے باہمی تعلقات میں پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے بتایا کہ سابق صدر حامد کرزئی جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے بھی پاکستان دورے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ سردارایاز صادق نے کہا کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے سرحد پر باڑ لگانے اور فوجی چوکیاں بنانے کے حوالے سے افغان حکام کو بتادیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ان کی ایران کے صدراور وزیرخارجہ سے بھی ملاقات مثبت رہی۔ صدر روحانی نے پاکستان سے لاتعلقی کی بھارتی خواہش مسترد کردی کیونکہ وہ ہمسائے کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد عمران خان تعمیری سیاست شروع کریں، ان کا کہنا تھا کہ فواد حسن فواد کو کرپشن پر ہٹانے کی باتیں درست نہیں۔