اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کیس پر جو فیصلہ دیا وہ بھارتی صنعت کار جندال کے دورہ پاکستان کی کرامات کا نتیجہ ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جب بھارتی صنعت کار جندال خصوصی مہمان بن کر پاکستان آئیں گے اور وزیراعظم سے خفیہ ملاقات کریں گے تو پھر عالمی عدالت انصاف سے ایسے ہی فیصلے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ برصغیر کی تاریخ میں اتنا بڑا جاسوس کبھی نہیں پکڑا گیا جس نے اعترافی بیان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا اقرار کیا اور جاسوس نیت ورک سے بھی آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود عالمی عدالت سے ہمارے توقع کے برخلاف فیصلہ آیا۔
*کلبھوشن یادیو کیس، مکمل فیصلہ آنے تک پھانسی روکی جائے، عالمی عدالت انصاف
شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف میں اتنی ہمت نہیں کہ اس معاملے پر کوئی بات کرسکے کیوں کہ کلبھوشن کا نام لینے سے وزیراعظم کا وضو ٹوٹ جاتا ہے اس لیے باوجود ثبوت ہونے کے آج تک نواز شریف نے کلبھوشن کا نام نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تو بھارت میں شادیانے بج رہے ہوں گے کیوں کہ انہوں نے پھانسی رکوا کر پہلا راﺅنڈ جیت لیا ہے جب کہ دوساری جانب اسی بھارت میں ہمارے 60 سے زائد بے گناہ افراد جیل میں سڑ رہے ہیں اور انہیں قونصلر رسائی نہیں دی جا رہی ہے۔