اسلام آباد : وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں سائبر کرائم بل کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے پی ٹی آئی کا اداروں کے کام میں رکاوٹ بننے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
وہ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر متحرک کچھ نوجوانوں کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا جس پر وہ خود چل کر یہاں آئے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مزید بتایا کہ نوجوانوں میں سے کچھ کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے جب کہ دیگر سیاسی جماعت کے کارکنان بھی ہیں اوران کے عزیز و اقارب کو پہلے بھی تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
شاہ محمو دقریشی نے کہا کہ میں ان گرفتار کارکنان سے پوچھنے آیا ہوں کہ آیا انہوں نے کسی شخصیت یا ادارے سے متعلق کوئی بات تو نہیں کی جس پر بچوں نے یقین دلایا کہ وہ ملک کے محب وطن شہری ہیں اور انہوں نے کسی ادارے یا شخص سے متعلق کوئی بات نہیں کی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے حکام سے ملاقات میں گذارش کی ہے کہ ایف آئی اے ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور نوجوانوں سے درکار معلومات حاصل کی جائیں اوراگر بچے بے قصور ہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بظاہر اشارہ یہی مل رہا ہے کہ ایف آئی اے بچوں سے سوشل میڈیا پر ڈان لیکس کے ایشو سے متعلق بات کرنے پر انکوائری کر رہی ہے۔
وائس چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ فوج ہماری ہے ، ملک ہمارا ہے ہم فوج کا احترام کرتے ہیں اور آئین بھی فوج کا احترام کرنے کا کہتا ہے۔
انہوں نے فوج کے سپہ سالاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کوئی ایسا ارادہ نہیں کہ اداروں کے کام میں رکاوٹ بنیں اورعمران خان کہتے ہیں کہ اظہار آزادی کا سب کو حق ہے اس لئے پی ٹی آئی کے کارکنان سوشل میڈیا پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔